وزیراعلیٰ بلوچستان کا سول ہسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر کی مدد کرنے والے نوجوان اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان

:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی بروقت مدد کرنے والے نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے جذبہ انسانیت، ہمت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

کوئٹہ۔ 16 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی بروقت مدد کرنے والے نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے جذبہ انسانیت، ہمت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عبدالرازق خلجی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کی، ایسے باہمت، فرض شناس اور انسان دوست نوجوان معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عبدالرازق خلجی جیسے نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل حالات میں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں، نوجوان نسل کو ایسے باہمت نوجوانوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ایسے شہریوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے جو انسانی جان بچانے اور مشکل میں مبتلا افراد کی مدد کے لیے بروقت اور موثر کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری اور جذبہ انسانیت معاشرے کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔

اس موقع پر عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں نے بروقت بہتر علاج و معالجے کی فراہمی، حوصلہ افزائی، داد رسی اور سرکاری ملازمت کے اعلان پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ عزت ہے جبکہ حکومت کی جانب سے مشکل وقت میں متاثرہ افراد کی مدد اور بروقت داد رسی کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔