وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا پمز ہسپتال اسلام آباد میں نومولود بچوں کی المناک اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پمز ہسپتال اسلام آباد میں نومولود بچوں کی المناک اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے

پشاور۔ 27 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پمز ہسپتال اسلام آباد میں نومولود بچوں کی المناک اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کا یہ المناک سانحہ انتہائی دلخراش اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جاں بحق نومولود بچوں کے والدین اور اہلخانہ کے دکھ کا کوئی مداوا نہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پمز واقعے کے تناظر میں صوبے کے تمام ہسپتالوں کے حفاظتی انتظامات کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں کسی بھی قسم کے حادثے یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجودہ انتظامات اور ایس او پیز کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔ ہسپتال عملے کو ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے باقاعدگی سے تربیت دی جائے اور عملی مشقیں بھی کرائی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی فائر سیفٹی انسپکشن مکمل کرکے جامع رپورٹ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتالوں کے حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

مزید خبریں