وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس

لاہور۔2 مارچ(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پاکستان سپر لیگ فورکے میچوں کے انتظامات،ٹریفک پلان اورسکیورٹی کے امور کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ہونے والے میچوں کیلئے سو فیصد فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی اورکھلاڑیوں کے ساتھ شائقین کرکٹ کیلئے بہترین …

لاہور۔2 مارچ(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پاکستان سپر لیگ فورکے میچوں کے انتظامات،ٹریفک پلان اورسکیورٹی کے امور کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ہونے والے میچوں کیلئے سو فیصد فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی اورکھلاڑیوں کے ساتھ شائقین کرکٹ کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے،جتنا بڑا ایونٹ ہے اتنے ہی شاندار انتظامات کریں گے اورشائقین کرکٹ کو سٹیڈیم کے اندر اور باہر بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور محفوظ ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنائیں گے،وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شائقین کرکٹ کی دلچسپی کیلئے پارکنگ سے سٹیڈیم جانیوالے راستوں پر ثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میچوں کا پرامن ماحول میں انعقاد پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے ،اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میچوں کے دوران موثر ٹریفک پلان پر من وعن عملدرآمد کیاجائے اور میچوں کے باعث شہریوں کو آمدو رفت میں مشکل نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک کے بہترین متبادل انتظامات سے عوام کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے۔اجلاس میں شائقین کرکٹ کوپارکنگ ایریا سے سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے بس سروس چلانے کا فیصلہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بس سروس کے ذریعے شائقین کو پارکنگ سے سٹیڈیم تک آنے اورجانے کی سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میچوں کے دوران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والے عملے کیلئے کھانے پینے کا مناسب انتظام ہوناچاہیے اور سٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں جبکہ متعلقہ ادارے اورمحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، میچوں کیلئے انتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں،معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ میچوں کے انعقاد کیلئے جس طرح آپ سب کام کررہے ہیں،مجھے یقین ہے کہ انشاءاللہ آپ سرخرو ہوں گے اورکرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کو پرامن ماحول میں لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔پی ایس ایل فور کے لاہور میں ہونیوالے میچوں سے شائقین کرکٹ کو عالمی معیارکاکھیل دیکھنے کو ملے گااور شائقین کرکٹ کو بہترین تفریح کے مواقع میسر آئیں گے۔ پی ایس ایل جیسے ایونٹس کے انعقادسے پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج اجاگر ہوگا اورپاکستان میں ان میچوں کے انعقاد سے کرکٹ سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فورکے پاکستان میں میچوں کا انعقاد پرامن پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جیت ہے۔ زندہ دلان لاہور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کو میدان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے لاہور میں ہونیوالے میچوں کے انعقاد کیلئے سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔سی ٹی او لاہورنے میچوں کے دوران ٹریفک پلان سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر کھیل تیمورخان،چیف سیکرٹری،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10ڈویڑن میجرجنرل محمد عامر،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب،ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہباز گل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سی سی پی او لاہور،کمشنر ڈویثرن، سیکرٹری اطلاعات ،سیکرٹری کھیل اورسول و عسکری اداروں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Leave a Reply