ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کا انعقاد جولائی کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا،جس میں قومی اور بین الاقوامی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کا انعقاد جولائی کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا، محمد طارق قریشی

مزید خبریں
لاہور۔17جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کا انعقاد جولائی کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا،جس میں قومی اور بین الاقوامی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے، ایونٹ سے ابھرنے والے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پنجاب کی ٹیم تشکیل دے کر پاکستان کپ میں شرکت کرائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وائس پریزیڈنٹ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ حمدان نذیر نے آن لائن شرکت کی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب ظہور احمد بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چیمپئن لیگ کے مقابلے چار پولز میں کھیلے جائیں گے۔ پول اے میں بہاولپور، لاہور اور سرگودھا ڈویژن، پول بی میں ڈی جی خان، لاہور گرین اور فیصل آباد
پول سی میں ملتان، لاہور بلیو اور گوجرانوالہ جبکہ پول ڈی میں ساہیوال، گجرات اور راولپنڈی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔محمد طارق قریشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تعاون سے منعقد کی جائے گی، جبکہ پاکستان ریلوے اور ایف بی آر کے اشتراک سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لیگ میں مردوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ چار خواتین ٹیمیں بھی حصہ لیں گی، جس سے خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمپئن لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی،اس سے پنجاب کو مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی میسر آئیں گے۔








