وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور مقامی ثقافت اور روایات کے تحفظ کو اجاگر کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جھنگ ڈیزرٹ ریلی کا انعقاد ہونے جا رہا ہے
وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت پہلی جھنگ ڈیزرٹ ریلی اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول کا 9 اکتوبر سے آغاز

مزید خبریں
جھنگ ۔26ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور مقامی ثقافت اور روایات کے تحفظ کو اجاگر کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جھنگ ڈیزرٹ ریلی کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے گزشتہ روز جھنگ ڈیزرٹ ریلی و ثقافتی فیسٹیول کے آغاز کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی خالد غنی،صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ،امیر عباس سیال،مکرم وحید شیخ سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران و سول سوسائٹی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین کا کہنا تھا کہ اس میں ریلی کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔جس میں خواتین کی ریس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔جھنگ ڈیزرٹ ریلی کروانے کا مقصد صرف ایک ریس نہیں بلکہ جھنگ کی شناخت،صحرائی خوبصورتی،ثقافت، روایات, تاریخی و سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن کو ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کے سامنے متعارف کروانے کی ایک کاوش ہے۔ضلع جھنگ اپنے وسیع صحرائی علاقوں جس میں 6 ہزار مربع کلومیٹر تھل،دریائے چناب اور دریائے جہلم کے سنگم، تاریخی ورثے، لوک روایات، قدیم تہذیبی رنگ اور منفرد ثقافت کے باعث ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ضلعی انتظامیہ کا مقصد جھنگ کے ان خوبصورت اور منفرد پہلوؤں کو ایک بڑے پلیٹ فارم کے ذریعے ملکی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔جھنگ ڈیزرٹ ریلی میں ملک بھر سے تقریباً 100 بہترین اور ماہر ڈرائیورز و رائیڈرز سمیت دنیا بھر سے سیاح بھی شرکت کریں گے۔فوڈ کورٹ اور رہائشی کیمپس بھی قائم کئے جائیں گے ۔ریلی کے دوران شرکاء کو جھنگ کے صحرائی علاقوں میں 95 کلومیٹر کے ٹریک پر ڈرائیونگ اور ایڈونچر کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا جبکہ شائقین کے لیے بھی مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔۔ایونٹ میں ڈیزرٹ ریلی، تھل کی ثقافت، گھڑ سواری،گھوڑا ڈانس،روایتی کھیل، لوک موسیقی، کبڈی،والی بال، میوزیکل نائٹ اور دیگر ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ان سرگرمیوں کے ذریعے جھنگ کی مقامی ثقافت، روایتی کھیلوں اور فنون کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کو جھنگ کے صحرائی حسن، تاریخی ورثے، ثقافتی روایات اور مقامی مہمان نوازی سے روشناس کرایا جائے گا۔ریلی میں شریک ہونے والے مہمانوں اور سیاحوں کیلئے تھل میں باقاعدہ کیمپس بھی قائم کئے جائیں گے.







