وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

گلگت۔ 22 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلیس (Rainmundas Karoblis)،کونسل یورپی یونین یرون ولیم جان ماریا (Jeroenwillem Jan Maria)اور فرسٹ سیکرٹری الیگزینڈرو (Alejandro)نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے یورپی یونین کے سفیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو گلگت بلتستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے دور افتادہ اور پہاڑی علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے یورپی یونین کا کردار قابل تحسین رہاہے۔ گلگت بلتستان کا جغرافیہ انتہائی دشوار اور پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہے۔

دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کیلئے چیلنج رہا ہے۔ گلگت بلتستان میں سب زیادہ گلیشیرز موجود ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلگت بلتستان کے تمام علاقے سالانہ قدرتی آفات سے متاثر ہوتے ہیں جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگوں کے گھر وں اور فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ان قدرتی آفات سے بچاؤ اور گلیشیرز کی حفاظت کیلئے صوبائی حکومت نے گلیشیرز پروٹیکشن اتھارٹی بنائی ہے۔ یورپی یونین اور اے ایف ڈی کی جانب سے رورل ڈویلپمنٹ اور کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ، عوام کو صاف پانی کی فراہمی، بجلی بحران پر قابو پانے اور گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے سمیت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا گلگت بلتستان حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ گلگت بلتستان میں سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کیلئے گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے تاکہ سیاحوں کو بہتر ذرائع نقل و حمل کی سہولت فراہم کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پرامن قدرتی حسین مناظر اور مخصوص ثقافت کا حامل منفرد سیاحتی علاقہ ہے۔

گلگت بلتستان میں بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ہنزہ میں جاری بجلی بحران پر قابو پانے کے حوالے سے این پاک کے ساتھ کئے جانے والے معاہدے کی کامیابی کی صورت میں صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی اس ماڈل کو توسیع دینے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلیس (Rainmundas Karoblis)نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے یورپی یونین صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔ رورل ڈویلپمنٹ اور کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ گلگت بلتستان میں زراعت، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز، گلیشیرز کے تحفظ، بجلی بحران پر قابو پانے سمیت دیگر اہم چیلنجز اور فنی تربیت کے حوالے سے معاون ثابت ہوگا۔ یورپی یونین کے سفیر نے گلگت بلتستان حکومت کی مثبت پالیسیوں کو سراہتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا۔