وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال نے گلیات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے غیر قانونی تعمیرات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی اور غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ معاون خصوصی سیاحت کے گلیات کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد، ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت شاہد خان اور دیگر متعلقہ …
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سیاحت کا گلیات کا دورہ، غیر قانونی تعمیرات برہمی کا اظہار

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 12 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال نے گلیات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے غیر قانونی تعمیرات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی اور غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ معاون خصوصی سیاحت کے گلیات کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد، ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت شاہد خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ملک عدیل اقبال نے کہا کہ گلیات میں عدالتی فیصلہ کے تحت تعمیرات پر پابندی عائد ہے اور اس پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور گلیات کے قدرتی حسن اور ماحول کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی قدرتی ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ سیاحت کے فروغ اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے وہ گلیات میں بھی اپنا دفتر قائم کریں گے۔ ایوبیہ میں چیئر لفٹ کی جگہ کے دورے کے موقع پر ملک عدیل اقبال نے کہا کہ ایوبیہ چیئر لفٹ ایشیا کی پہلی چیئر لفٹ ہے اور گلیات میں سیاحت کے جُھومر کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئر لفٹ کو جلد فعال کرنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے چیئر لفٹ کی بحالی کے معاملے میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے عملی اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے چند دنوں متعدد بار اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئر لفٹ کی بحالی سے مقامی لوگوں کے کاروبار اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔گلیات کے دورے کے دوران معاونِ خصوصی نے ڈونگا گلی ٹورسٹ فیسیلی ٹیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا اور محکمہ سیاحت کو ہدایت کی کہ کمپلینٹ نمبر نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے تاکہ سیاحوں کو فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔بعدازاں انہوں نے 700 میٹر طویل ڈونگا گلی ٹاؤن روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مشک پوری ٹریک کی جانب جانے والی اس سڑک کی بلیک ٹاپنگ مکمل کی ہے۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ ڈونگا گلی روڈ گلیات کی مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے اور اس کی بلیک ٹاپنگ سے سیاحوں کو مشک پوری ٹریک تک رسائی مزید آسان ہوگی۔ملک عدیل اقبال نے نتھیاگلی میں سیوریج سسٹم کی تنصیب کے منصوبہ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے فنڈز سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ رواں سال مکمل کر لیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت ویسٹ واٹر کولیکشن اینڈ ٹریٹمنٹ سسٹم کے لیے مجموعی طور پر 11 ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ گلیات کے 6 ٹاؤنز کے ہوٹلز سے نکلنے والے ویسٹ واٹر کو ٹریٹمنٹ کے بعد جنگلاتی علاقے میں چھوڑا جائے گا۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ اس منصوبے سے گلیات کے خوبصورت اور پرفضا ماحول کو صاف، محفوظ اور آلودگی سے پاک رکھنے میں نمایاں مدد ملے گی۔








