وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے ایشیا سے ملاقات میں گفتگو

وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے ایشیا سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت کوورثہ میں کمزورمعیشت ملی ہے مگر مشکل معاشی حالات کے باوجود پائیدار اقتصادی ترقی اورنمو کے لیے توانائی اور کیپٹل مارکیٹ سمیت تمام شعبوں میں اصلاحات کاعمل جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے ایشیا رابرٹ کپروتھ کے ساتھ ملاقات میں کہی۔

اس موقع پرپاکستان کیلئے امریکی محکمہ خزانہ کی سینئرمیکرواکانومسٹ ایواگیرمی، مالیاتی اتاشی لاریٹابولڈن، وزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اوروزارت خزانہ کے سینئرافسران بھی موجودتھے۔ وزیر خزانہ نے رابرٹ کپروتھ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں ملک کے معاشی منظرنامہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کو ورثہ میں کمزور معیشت ملی ہے ، مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت چیزوں کو درست سمت میں ڈالنے پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پائیدار اقتصادی ترقی اور نموکے حصول کے لیے توانائی اور کیپٹل مارکیٹ سمیت تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے عملی اقدامات کی بدولت ملک ترقی وخوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے انہیں بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے معیشت کو درست راستے پر لانے کے لیے حکومت کی معاشی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے مسٹر رابرٹ کپروتھ کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اس کے پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت تمام چیلنجز سے پوری عزم کے ساتھ نمٹ رہی ہے۔

رابرٹ کپروتھ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے معاشی اور مالی استحکام کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگرام پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقتصادی اور مالیاتی امور پر اپنی حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی جس پروزیر خزانہ نے رابرٹ کپروتھ کا شکریہ ادا کیا۔