وزیرِاعظم عمران خان کا ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں میں سرمایہ کاروں، بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کی جانب سے گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار وزیرِاعظم عمران خان کا نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں میں سرمایہ کاروں، بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کی جانب سے گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دو میگا پراجیکٹس سے اربوں کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی اور معیشت کے متعدد شعبوں کو فروغ حاصل ہو گا، بیرون ملک مقیم …

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں میں سرمایہ کاروں، بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کی جانب سے گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دو میگا پراجیکٹس سے اربوں کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی اور معیشت کے متعدد شعبوں کو فروغ حاصل ہو گا، بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، معاونین خصوصی ملک امین اسلم ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر و دیگر حکام نے شرکت کی۔ تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ ملک کی معروف کاروباری شخصیات عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، عباس مختار، فواد مختار، فیصل آفریدی، محمد احسن، شاہد عبداﷲ، طارق رفیع ویگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو منصوبوں کے خدوخال اور سرمایہ کاری کے اعتبار سے میسر بہترین مواقع کے حوالہ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ ملک کے بڑے سرمایہ کاروں نے دونوں منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کاروباری شخصیات نے بینکوں کے حوالہ سے سہولیات کی فراہمی پر گورنر سٹیٹ بنک کے متحرک کردار کو سراہا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے لاہور کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب کے بڑے شہروں بشمول راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالا، ڈی جی خان، سیالکوٹ اور ساہیوال کے ماسٹر پلانز کو ازسرنو مرتب کرنے کے حوالہ سے ٹائم لائنز وزیرِاعظم کو پیش کیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے لاہور میں اربن ری جنریشن کے حوالہ سے مختلف منصوبوں اور تعمیرات کے شعبہ میں استعمال ہونے والے میٹریل کی فروخت میں اضافہ کے رجحان سے بھی وزیرِاعظم کو آگاہ کیا۔وزیرِاعظم عمران خان نے ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں میں سرمایہ کاروں، بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کی جانب سے گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دو میگا پراجیکٹس سے جہاں اربوں کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی وہاں معیشت کے متعدد شعبوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے معیشت کے فروغ کے حوالہ سے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے میں 90 فیصد پاکستانی مصنوعات استعمال کی جائیں گی جس سے مقامی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ وزیرِاعظم نے سرمایہ کاروں اور تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ افراد کو یقین دلایا کہ حکومت تعمیراتی شعبہ اور خصوصاً ان دو اہم منصوبوں کی راہ میں حائل کسی بھی رکاوٹ کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے اور سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کے لئے پرعزم ہے۔

مزید خبریں