وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی میڈیا سے گفتگو

لاہور۔9مارچ(اے پی پی )وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سر سے پاﺅں تک چور بازاری اور منی لانڈرنگ میں لتھڑے ہوئے فرزند اعلٰی بلاول زرداری اور فرزند ادنیٰ حمزہ شہباز آج بوکھلاہٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف کو بتا رہے ہیں کہ معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلِ شریف نے گزشتہ دس سالوں میں صوبے اور عوام کا خون نچوڑا اور سردار …

لاہور۔9مارچ(اے پی پی )وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سر سے پاﺅں تک چور بازاری اور منی لانڈرنگ میں لتھڑے ہوئے فرزند اعلٰی بلاول زرداری اور فرزند ادنیٰ حمزہ شہباز آج بوکھلاہٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف کو بتا رہے ہیں کہ معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلِ شریف نے گزشتہ دس سالوں میں صوبے اور عوام کا خون نچوڑا اور سردار عثمان بزدار کو ساڑھے بارہ سو ارب روپے کا مقروض صوبہ دے کر لندن چلے گئے۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فرزند ادنیٰ کے والد کی دس سالہ دور حکومت کے دوران سوا سات لاکھ بچے پرائمری سکولوں سے ڈراپ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ 2015 میں نام نہاد خادم اعلٰی کے دور میں فیصل آباد ٹیکسٹائل انڈسٹری کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔ غریب عوام کے تقریباً ایک ہزار ارب روپے سستی روٹی، مفت لیپ ٹاپ اور آشیانہ جیسی سکیموں پر خرچ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے ان کے فرزند ادنیٰ کے والد گریڈ بیس میں بھرتی کئے گئے افسران کے ذریعے سرکاری گاڑیوں پر کروڑوں کی منی لانڈرنگ کرتے رہے۔ وزیرِ اطلاعات نے کہا آج دنیا مان رہی ہے کہ پاکستان میں گزشتہ دو ماہ میں برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تقریباً تمام محکمے بیسیوں ارب سرپلس میں چل رہے ہیں، دنیا کے بڑے کھلاڑی اور انٹرنیشنل گیمز کی پاکستان میں واپسی ہو رہی ہے، سیاحت اور سرمایہ کاری فروغ پا رہی ہے اور پاکستان ہر شعبہ زندگی میں دنیا میں اپنا سافٹ امیج بہتر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بلاول زرداری اکیسویں بار پنجاب میں لانچ ہونے جا رہے ہیں۔ ایک راکٹ لانچر بھی پہلی بار چل جاتا ہے لیکن بلاول صرف ایک پھس پھسی شرلی ہیں۔ انہوں نے بلاول زرداری کے حوالے سے کہا کہ بلاول نے سینے پر بچپن میں اور ان کے پاپا نے پچپن میں کرپشن کے تمغے حاصل کیے، یہ اس سے آگے نہیں جا سکتے۔ وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ ساتھ کے پی کے اور بلوچستان کی عوام نے بھی پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو مسترد کر دیا ہے۔ عزیز میمن نے بلاول زرداری کے ٹرین مارچ کے جعلی شرکاءکو ایکسپوز کیا تو زبان بند کر دی گئی۔ شہباز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اب خادم اعلٰی سے اشتہاری اعلٰی کے مقام پر فائز ہو چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں ملک سے فرار ہونے پر شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر ہونا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا پہلے کئی دفعہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ڈسے جا چکے ہیں۔ اب کی بار دھرنے کی ناکامی کے بعد وہ "میری توبہ” اور "میں کینوں کینوں دساں پیار دیاں گلاں” قوالی پڑھیں گے۔ انہوں نے مولانا کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا پر مہم چلائیں تاکہ عوام کا ان پر اعتماد بحال ہو سکے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ دو تہائی اکثریت کے باوجود پانچ سالوں میں جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ نہ بنا سکی۔ ہمارے پاس اکثریت نہیں لیکن اس پر مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں 35 فیصد صرف جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ سبزیوں، پھلوں اور پٹرول کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔