وزیرِ مملکت ڈاکٹر وجیہہ قمر کی نمل میں منعقدہ تقریب میں شرکت

وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر وجیہہ قمر نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی،

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر وجیہہ قمر نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی،

جہاں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل عالی شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو بین المذاہب ہم آہنگی، اعتدال پسندی، پُرامن بقائے باہمی اور اسلام کے حقیقی امن پسند پیغام کے فروغ کے لیے ان کی غیر معمولی عالمی خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔ تقریب میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیرنواف بن سعید المالکی، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارت کاروں، ماہرینِ تعلیم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وجیہہ قمر نے شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی عالمی سطح پر امن، رواداری، مکالمے اور مختلف مذاہب و ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام کے فروغ کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر العیسیٰ نے تعلیم، انصاف، اعتدال، انسانی وقار اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے، جس کے باعث وہ دنیا بھر میں امن اور اعتدال کی ایک معتبر آواز کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ وزیرِ مملکت نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کی جانب سے یہ اعزاز ایسے عالمی رہنما کو خراجِ تحسین ہے جس نے علم، مکالمے اور انسانیت کی خدمت کے ذریعے دنیا میں مثبت تبدیلی لانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر وجیہہ قمر نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیم برداشت، رواداری، شمولیت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل میں احترامِ انسانیت، تنقیدی سوچ، ذمہ دارانہ شہری شعور اور پُرامن بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دیں تاکہ ایک بہتر اور پائیدار معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط تعلیم، ثقافت، انسانی وسائل کی ترقی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ذریعے مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلیمی و علمی تعاون اور عوامی روابط آئندہ بھی مزید وسعت اختیار کریں گے۔ وزیرِ مملکت نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈ گری ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی ذاتی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ امتِ مسلمہ کے اتحاد، بین الاقوامی مکالمے اور عالمی امن کے فروغ کے لیے ان کی انتھک خدمات کا بھی اعتراف ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اس اعزاز پر نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہونے کے ساتھ ساتھ مزید ذمہ داری کا احساس بھی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت کی عالمی اور علاقائی امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور مسلم ورلڈ لیگ کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اعتدال، بین المذاہب ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے تعلیم، بین الثقافتی مکالمے اور عالمی امن و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔