وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کا دورہ فیصل آباد، ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کا دورہ فیصل آباد، ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی

فیصل آباد۔ 23 جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد ڈویژن کے دورے کے دوران ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں امن کمیٹی کے ارکان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،حافظ محمد امجد، علامہ طاہر الحسن، حافظ مقبول احمد، یاسین ظفر، جعفر نقوی، محمد اسلم بھلی، شاہد رزاق، عاشق حسین رضوی، محمد فاروق، سید محمد رضا شاہ، امیرالدین رضوی، مفتی عبدالمعید، ممتاز گوندل اور مفتی نصرالدین سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر امن کمیٹی کے ارکان نے محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کا قیام حکومت، انتظامیہ، علماء کرام اور امن کمیٹیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کی امن کمیٹی نے ہمیشہ قیامِ امن میں مثالی کردار ادا کیا ہے اور اس سال بھی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں اور نمازِ جمعہ کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور منتظمین کے درمیان مؤثر ہم آہنگی پیدا کی جائے گی تاکہ کسی قسم کی دشواری یا رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ امن کمیٹیوں اور مجالس کے منتظمین کے درمیان مضبوط روابط اور مسلسل رابطہ کاری ایک خوش آئند امر ہے، جو محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو قائم رکھنا تمام مکاتبِ فکر کے علماء، مشائخ اور اکابرین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور اس کے تمام ادارے عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے پوری طرح متحرک ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے امید ظاہر کی کہ علماء کرام، امن کمیٹیوں، انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے محرم الحرام کے تمام اجتماعات اور جلوس پرامن ماحول میں منعقد ہوں گے اور فیصل آباد ڈویژن امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال قائم کرے گا۔