وزیر اعظم شہبازشریف کی موسم سرما میں گیس خصوصاً ضرورت کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی ہدایت

وزیر اعظم شہبازشریف کی موسم سرما میں گیس خصوصاً ضرورت کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمدشہبازشریف نے موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی خصوصاً ضرورت کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایت ہفتہ کویہاں ملک میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کی ۔

مزید براں وزیراعظم نے ٹیکسٹائل ملز کو گیس سپلائی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ ٹیکسٹائل ملز کو بروقت گیس فراہم کر کے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے ۔ کمیٹی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندگان شامل ہوں گے ۔

اجلاس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے جنوری کے مہینے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کھاد کی مزید درآمد کی ہدایت بھی جاری کی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک،مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران شریک ہوئے