وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ناروے کے دوطرفہ تعاون بالخصوص تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو سراہتے اور دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف …
وزیر اعظم شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی ملاقات، نارویجن کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ناروے کے دوطرفہ تعاون بالخصوص تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو سراہتے اور دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ناروے کے درمیان گرم جوش اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ناروے کے دوطرفہ تعاون بالخصوص تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت (کلائمیٹ ریزیلینس) اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو سراہا۔ ناروے کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات چیت کے دوران وزیراعظم نے فلسطین کی حمایت میں ناروے کے مضبوط اور اصولی موقف کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے خلیجی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت کرنے پر بھی ناروے کا شکریہ ادا کیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ نارویجن وزیر خارجہ نے خاص طور پر ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے ناروے کے وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔







