وزیر اعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ مختصر بات چیت

نیویارک ۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ان کی طرف سے عالمی رہنماوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر مختصر بات چیت ہوئی۔ امریکی صدر کی طرف سے یہ استقبالیہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 سالانہ اجلاس کے موقع پر دیا گیا۔

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر جو بائیڈ ن کے درمیان ہو نے والی مختصر بات چیت مثبت اور تعمیری تھی ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات ٹھوس بنیادوں پر استوارہو رہے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ عالمی رہنمائوں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ہمدردی اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور اب اس جذبےکو ٹھوس اقدامات میں تبدیل ہو نا چاہیے تاکہ پاکستان سیلاب سے بڑنے پیمانے پر تباہی کے بعد بحالی اور بہتر تعمیر کی طرف جا سکے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجہ میں غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے نقصانات بارے بین الاقوامی برادری کو بھرپورطریقےسے آگاہ کیا ہے۔