سیکرٹری زراعت خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان نے صوبے میں زرعی تحقیق، نئی اور بہتر فصلوں کی اقسام کی تیاری اورپیداوار میں اضافے کے لیے تحقیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں زرعی تحقیق میں نمایاں کارکردگی، بریڈرز و محققین میں تعریفی اسناد تقسیم حوالےتقریب

مزید خبریں
پشاور۔ 23 ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان نے صوبے میں زرعی تحقیق، نئی اور بہتر فصلوں کی اقسام کی تیاری اور پیداوار میں اضافے کے لیے تحقیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جدید زرعی تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق، زیادہ پیداوار دینے والی اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی فصلوں کی اقسام کی تیاری سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ وہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ایگریکلچر ریسرچ کے دفتر میں سی سی آر آئی پیرسباق نوشہرہ کے تعاون سے زرعی تحقیق اور فصلوں کی نئی اقسام کی تیاری میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے زرعی سائنسدانوں، بریڈرز اور محققین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بریڈرز اور محققین میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔تقریب کا مقصد خیبر پختونخوا کے مختلف زرعی تحقیقی اداروں سے وابستہ سائنسدانوں، ماہرین اور بریڈرز کی تحقیقی خدمات اور کاوشوں کو سراہنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ صوبے کے زرعی محققین کی تیار کردہ فصلوں کی اقسام نے حالیہ نیشنل یونیفارم ییلڈ ٹرائلز (این وائی یو ٹی) میں ملک بھر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔قومی ٹرائلز کے نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف زرعی تحقیقی اداروں کی گندم کی لائنز نے آبپاش اور بارانی دونوں ماحول میں قابلِ ذکر نتائج حاصل کیے۔ سی سی آر آئی پیرسباق نوشہرہ کی گندم کی لائن پی آر-163 نے مختلف ماحولیاتی علاقوں میں مسلسل دو سالہ نیشنل یونیفارم وہیٹ ییلڈ ٹرائلز (این یو ڈبلیو وائی ٹی) کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مذکورہ لائن نے سال 2024-25 کے آبپاش ٹرائل میں پہلی جبکہ بارانی ٹرائل میں تیسری پوزیشن حاصل جبکہ سال 2025-26 کے دوسرے سال میں آبپاش ٹرائل میں پانچویں اور بارانی ٹرائل میں نویں پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح اے آر ایس سرائے نورنگ، بنوں کی گندم کی لائن ایس این-053 نے سال 2025-26 کے بارانی این یو ڈبلیو وائی ٹی میں ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔تقریب میں سی سی آر آئی پیرسباق نوشہرہ، اے آر ایس سرائے نورنگ، اے آر آئی ڈی آئی خان، اے آر آئی ترناب پشاور، بی اے آر ایس کوہاٹ، اے آر آئی منگورہ سوات، اے آر ایس بفہ مانسہرہ، اے آر ایس کرک اور اے آر ایس چارسدہ سے وابستہ سائنسدانوں، بریڈرز اور تحقیقی ماہرین کی تحقیقی خدمات کو سراہا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمدبختیار خان نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے زرعی سائنسدانوں، بریڈرز اور محققین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل محنت صوبے میں زرعی شعبے کی ترقی اور خودکفالت کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر زرعی سائنسدانوں، بریڈرز اور محققین میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب صوبے میں جدید زرعی تحقیق کے فروغ، بہتر اور زیادہ پیداوار دینے والی فصلوں کی اقسام کی تیاری اور غذائی تحفظ کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کے عزم کی عکاس تھی۔







