اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، خیبر پختونخوا کے ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی، مالی مشکلات کے باوجود خیبرپختونخوا کے ہر خاندان کو مفت علاج کی دستیابی انقلابی قدم …
وزیر اعظم عمران خان کا خیبر پختونخوا میں ”ہر خاندان کوصحت انصاف کارڈ “کے اجرا کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، خیبر پختونخوا کے ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی، مالی مشکلات کے باوجود خیبرپختونخوا کے ہر خاندان کو مفت علاج کی دستیابی انقلابی قدم ہے، اوقاف کی زمین پر ہسپتال اور تعلیمی ادارے قائم کرنے کے لئے سستی قیمت پر اراضی فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو خیبر پختونخوا میں ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہرخاندان کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی پر صوبائی حکومت کو مبارک باد دیتا ہوں۔ اس پروگرام کے تحت صوبے کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی۔ جب غریبوں کے لئے کام کیا جاتا ہے تو اللہ تعالی اس میں برکت ڈالتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کے علاج معالجے پر غریب خاندان کا بھاری خرچ ہو تا ہے اور اس کی جمع پونجی ختم ہو جاتی ہے۔ بھوک اور افلاس کے باعث وہ غربت کی لکیر سے نیچے چلا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال بھی عوام کی خدمت کے لئے بنایا۔ کورونا وبا کے باعث معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ بجٹ مشکلات کے باوجود خیبرپختونخوا کے ہر خاندان کو مفت علاج کی دستیابی انقلابی قدم ہے۔ اس اقدام سے لوگوں کو علاج معالجے میں آسانی پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی ہر خاندان کو مفت علاج کی سہولت دستیاب ہو۔ امید ہے کہ سندھ حکومت بھی اس منصوبے پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ سے سرکاری ہسپتالوں پر کارکردگی میں بہتری کے لئے دباﺅ بڑھے گا جس سے صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ اوقاف کی زمین پر ہسپتال اور تعلیمی ادارے قائم کرنے کے لئے سستی قیمت پر اراضی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ ہسپتالوں کے لئے طبی مشینری کی درآمد پر ٹیکس صفر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو بڑے اور چھوٹے شہروں کے ہسپتالوںمیں علاج معالجے کی سہولت حاصل ہو گی۔ ان کارڈز کے اجرا سے ڈیٹا بیس بھی جمع کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سے رقوم کو خرچ کرنے کی مانیٹرنگ اور ہیلتھ انشورنس یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارا مشن ہے۔ ہمارے بزرگوں نے جس مقصد کے لئے پاکستان حاصل کیا تھا۔ اسی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ملک اپنے غریب طبقے کا خیال رکھتا ہے وہی مہذب کہلاتا ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں یہ کام صوبہ خیبر پختونخوا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے مدینے کی فلاحی ریاست بہترین نظام حکومت کا نمونہ ہے، اس پر عمل کرنے سے ہم کامیابی کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر محکمہ صحت خیبر پختونخوا اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔








