وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس اہم اجلاس ، پنجاب کی مالیاتی اور معاشی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

لاہور ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے حکمت عملی اور عملی اقدامات پر توجہ دی جائے، اشیائے خورد و نوش خصوصاً گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کم سے کم رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جائیں، عوام کو موجودہ حکومت کے فلاحی کاموں کے …

لاہور ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے حکمت عملی اور عملی اقدامات پر توجہ دی جائے، اشیائے خورد و نوش خصوصاً گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کم سے کم رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جائیں، عوام کو موجودہ حکومت کے فلاحی کاموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔ پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کی مالیاتی اور معاشی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم کو پنجاب کی مالیاتی پالیسی اور معاشی پالیسی کے اس مالی سال کے اہداف سے آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم بخت نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پہلی سہ ماہی کے اہداف کو گذشتہ سال کی نسبت بہتر طور پر حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم بخت نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ اس مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں پچھلے سال کی نسبت نمایا ں اضافہ کیا گیا ہے اور سماجی بہبود کے منصوبو ں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور ہسپتال اور تعلیمی اداروں کے لئے مختص فنڈز کی بلا تعطل فراہمی کی ہر ممکن کوشس کی جا رہی ہے تاہم اورنج ٹرین کی سبسڈی اور دیگر ایسے منصوبوں کی وجہ سے صوبائی حکومت کو مسائل در پیش ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ عوام کو موجودہ حکومت کے فلاحی کاموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔ ماضی کی حکومتوں کے جانب سے حاصل کیے گئے قرضوں اور انکا استعمال اور موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور قرضوں کا موازنہ بھی عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے عملی اقدامات اور حکمت عملی پر توجہ دی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ ہدایت بھی کی کہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی جائے اس تناظر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو صوبائی اور ملکی معاشی ترقی کے لیے بھرپور طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار کو آسان بنانے اور معیشت کے شعبے میں دیگر مثبت اعشاریوں کو عوام اور سرمایہ کاروں تک موثر انداز میں پہنچایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کو صوبائی وزیر خوراک اور صوبائی سیکرٹری خوراک نے گندم کی قیمت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں اشیائے خوردنوش اور خصوصا گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کم سے کم رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔