وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،کووڈ۔19 ویکسین کی خریداری ، پریس کونسل آف پاکستان کے ارکان کی تعیناتی اور پاکستان ایکسپو سنٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے کووڈ۔19 ویکسین کی خریداری ، پریس کونسل آف پاکستان کے ارکان کی تعیناتی، ماہی گیر ی کے شعبہ میں برآمدات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے انسپکشن کمیٹی قائم کرنے اور پاکستان ایکسپو سنٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دےدی ۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مچھ بلوچستان واقعہ میں شہید ہونے والے مزدورں، اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اسامہ ستی اور افواج پاکستان کے شہداء کے لئے دُعائے مغفرت کی گئی۔وزیراعظم معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو کورونا وبا کی حالیہ صور تحال پر بریفنگ دی۔کابینہ نے پاکستان ایکسپوسینٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی۔کابینہ نے ٹریڈ آرگنائزیشنزایکٹ 2013کی شق نمبر21کے تحت اپیلوں پر فیصلہ دینے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی،یہ کمیٹی صرف اُس وقت تک مجاز ہوگی جب تک متعلقہ قانون میں ترامیم مکمل کرلی جائیں۔کابینہ نے پریس کونسل آف پاکستان کے ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ملک میں ماہی گیری کے شعبہ سے برآمدات کے معیار کو بہتر کرنے کی خاطرانسپکشن کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی،یہ کمیٹی ملک میں قائم ہونے والے فش پراسسنگ پلانٹس کی انسپکشن کے فرائض انجام دے گی،اس کمیٹی میں وزارت بحری امور، وزارت کامرس اور پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔کابینہ نے ڈاکٹر رانا عبدالجبار کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر، آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ استعفیٰ منظور کر لیا اورنئے سی ای او کی تعیناتی کے لئے سلیکشن کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی،نئی تعیناتی تک منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آئی بی اس ادارے کی نگرانی کریں گے۔کابینہ نے کمیٹی برائے قانونی کیسز کے 31دسمبر 2020ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔و فاقی کابینہ نے انسانی جانیں بچانے کے لئے وفاقی وزارت صحت کو کووڈ۔19 ویکسین کی خریداری کی بھی منظوری دے دی۔