وزیر اعظم عمران خان کے ”احساس پروگرام“ کے تحت اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ”بگ ڈیٹا اینالیٹکس“ پر مشاورتی اجلاس”احساس“ بگ ڈیٹا اینالیٹکس کی اہمیت کا اعتراف کرتا ہے،معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت بدھ کو اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ© ”بگ ڈیٹا اینالیٹکس“ پر مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔اجلاس کی صدارت وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و خاتمہ غربت/چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کی۔ مشاورتی اجلاس میں نجی شعبہ جات کے ماہرین اور سرکاری عہدیدار ان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اعدادوشمار کے تجزیات کے حوالہ سے ملک میں موجودہ صلاحیت کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کا موقع فراہم کیا گیا اور اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح سے احساس فریم ورک کے تحت سماجی تحفظ اور تخفیف غربت کے اقدامات کو ڈیزائن اورعملدرآمد کرنے کیلئے اس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے مطابق اعدادوشمار کے تجزیات احساس فریم ورک کیلئے اہم ہیں کیونکہ ان کا استعمال پروگراموں کے ڈیٹا سے اہم بصیرت کے قابل بناتا ہے جس سے مختلف پروگراموں، اقدامات اور پالیسی اقدامات پر فیصلہ سازی کے عمل کی درستگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اجلاس کے دوران، ماہرین نے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے معاملہ میں ڈیٹا ماڈل، کمپیوٹنگ پیرا ڈیمز، تجزیات، انفارمیشن شیئرنگ اور پرائیویسی، خود کار الگورتھم اور ڈیٹا مینجمنٹ کے موجودہ رجحانات سمیت مختلف نقطہ نظر سے بڑے اعدادوشمار پر اپنے عملی تجزیات اور جدید خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ”احساس“ بگ ڈیٹا اینالیٹکس کی اہمیت کا اعتراف کرتا ہے جو پروگراموں کے اعدادوشمار کو عملی شکل دینے کیلئے ڈیزائن کو منظم کرنے، ہدف بنانے، بجٹ بنانے اور کثیر الشعبہ احساس پروگراموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اعدادوشمار کے تجزیات کو احساس حکمت عملی کے کثیر الشعبہ جاتی اور کثیر الجہتی سٹیک ہولڈرز پر اثر انداز ہونا چاہئے جو وسیع پیمانے پر انسداد غربت کے حل پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس مشاورت سے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ ”ڈیٹا اینالیٹکس“ کو بڑا ڈیٹا منظم کرنے کیلئے کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔