وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کی مظفر آباد میں ملاقات

مظفر آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علیحدہ علیحدہ سیاسی وابستگیوں کے باوجود ملک بھر کی سیاسی قیادت کا مظفر آباد میں کشمیر کاز کیلئے اکٹھے ہونا خوش آئند ہے، گزشتہ سال ستمبر میں اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نے خود بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے پوری دنیا کے سامنے پردہ اٹھایا، سات دہائیوں سے بھارت کشمیر میں مظالم کی داستان رقم کر رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کےجذبہ حقِ خود ارادیت کو ماند نہیں کرسکا ہے۔

وزیراعظم آفس کے پریس وِنگ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا حل ہم بیٹھ کر نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ کے ساتھ ہے اور ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ رہے گا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم اسی طرح سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد سے قومی ایشوز پر اکھٹے چلیں تو وہ وقت دور نہیں کہ ہمارے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے وزیرِ اعظم کی 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر پر مظفر آباد آمد کو کشمیر کاز کیلئے کلیدی قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔اجلاس کے شرکاءنے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی اس دن بذاتِ خود کشمیریوں کے درمیان موجودگی کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کیلئے موجود جذبے کو مزید بلند کرتی ہے، اس سے مقبوضہ جموں و کشمیر، بھارت، پاکستان اور پوری دنیا میں پاکستان کی کشمیریوں کی جدوجہد میں یکجہتی کا پیغام پہنچا ہے۔

شرکاءنے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام مقامی سیاسی قیادت کشمیر کاز کیلئے نہ صرف یکجا ہے بلکہ پاکستان کے اس تنازعے میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پورا کشمیر آج یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیرِ اعظم پاکستان کی مظفر آباد آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہے اور آج کے اس اقدام نے کشمیریوں کے دل میں اپ کی قدر کو مزید بڑھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیا ہے اور کشمیریوں کو پاکستانی شہریوں کی طرح تحفظ اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص موجودہ حکومت میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ذاتی دلچسپی پر کشمیری عوام وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدی محمد یاسین، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم خان شریک ہوئے۔ وفاقی وزراءخواجہ سعد رفیق، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، مرتضی جاوید عباسی اور مشیرِ وزیرِ اعظم قمر الزماں کائرہ نے بھی اس موقع پر موجود تھے۔