وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آج آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر ، ورلڈ بینک گروپ کے صدر اور دیگر اہم شخصیات ملاقاتیں کریں گی

Muhammad Shahbaz Sharif
Muhammad Shahbaz Sharif

نیویارک۔21ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر (آج)  آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر ، ورلڈ بینک گروپ کے صدر اور دیگر غیر ملکی شخصیات ملاقاتیں کریں گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوسرے روز بھی مصروف دن گزاریں گے۔

اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز روانگی سے قبل وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپس ملاقات کریں گے۔بعد ازاں وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اعلیٰ سطحی مباحثے میں شریک ہوں گے۔

وزیر اعظم پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے زوم میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے صدر سابا کوروسی اور یورپی یونین کی صدر ارسالا وین ڈر لی این سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم مصر کی جانب سے COP 27 کے حوالے سے منعقدہ سربراہان کے بند کمرہ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم فن لینڈ کے صدر صعولی ننستو سے دو طرفہ امور پر ملاقات کریں گے۔شام کو وزیر اعظم امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کے لئے امریکن نیچرل ہسٹری میوزیم جائیں گے۔