وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات، دوست ممالک سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو

لندن ۔18ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے یہاں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دوست ممالک سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں،امدادی سامان ہوائی جہازوں، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے ذریعے پہنچ رہا ہے، پاکستان کے عوام بھی عطیات دے رہے ہیں اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے 70 ارب روپے مختص کیے ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے دیئے جارہے ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ذریعے سیلاب متاثرین کو صاف پانی، خوراک، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کر رہی ہے۔پوری قوم اور مسلح افواج سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔