پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کارروائیاں جاری

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 2 واٹر پلانٹس بند کر دیئے جبکہ39 فوڈ پوائنٹس،یونٹس اور سپلائرز کی چیکنگ کی گئی

لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 2 واٹر پلانٹس بند کر دیئے جبکہ39 فوڈ پوائنٹس،یونٹس اور سپلائرز کی چیکنگ کی گئی۔کارروائی کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر24 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر3 لاکھ90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کےمطابق خصوصی ٹیموں نے بحریہ ٹاون اور کالج روڈ پر واقع دو واٹر پلانٹس کو پانی کے سیمپلز فیل ہونے پر بند کیا۔کارروائی کے دوران ناکہ بندی کرکے13 گوشت بردار گاڑیوں کی بھی چیکنگ کی گئی جبکہ مجموعی طور پر45 ہزار کلو مرغیوں اور گوشت کا معائنہ کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران2200 کلو مردہ گوشت تلف کیا گیا۔مختلف فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات،حشرات کی بھرمار،ضروری ریکارڈ اور دستاویزات کی عدم موجودگی پائی گئی۔بعض مقامات پر قوانین کےخلاف کھلی نالیاں،زنگ آلود مشینری اور گندے فرش بھی موجود تھے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کیلئے کارروائیاں جاری ہیں، پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے۔عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔