وزیر اعظم پاکستان 12 فروری کو تھل ایکسپریس کا افتتاح کرینگے‘ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد

لاہور۔9 فروری(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان 12 فروری کو تھل ایکسپریس کا افتتاح کرینگے‘ 30 مارچ کو پہلی وی وی آئی پی ٹرین لاہور سے کراچی کے درمیان چلے گی‘ لاہور اور کراچی ریلوے سٹیشنز کو بہتر بنانے کی ہدایات کر دی ہے‘ سابقہ حکومت نے پانچ بڑے ریلوے سٹیشنز کو نظر انداز کیا جبکہ نارووال اور اوکاڑہ جیسے …

لاہور۔9 فروری(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان 12 فروری کو تھل ایکسپریس کا افتتاح کرینگے‘ 30 مارچ کو پہلی وی وی آئی پی ٹرین لاہور سے کراچی کے درمیان چلے گی‘ لاہور اور کراچی ریلوے سٹیشنز کو بہتر بنانے کی ہدایات کر دی ہے‘ سابقہ حکومت نے پانچ بڑے ریلوے سٹیشنز کو نظر انداز کیا جبکہ نارووال اور اوکاڑہ جیسے ریلوے سٹیشنوں پر اربوں روپے خرچ کر دیئے‘ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے‘ اس موقع پر دیگر ریلوے افسران بھی موجود تھے‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت نے ریلوے کو تباہی سے دو چار کیا‘ ریلوے نے ایک ہفتہ میں ٹکٹ کے بغیر سفر کرنیوالوں کی وجہ سے چھ کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا تھااور شکایات نان سٹاپ ٹرینوں میں زیادہ تھی‘ اس کی روک تھام کیلئے اگر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی ریڈ کرنا پڑا تو کرینگے‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے ٹکٹ کے بغیر سفر کرنیوالوں کی شرح میں ستر فیصد کمی آئی جبکہ ٹرینوں کی 90 فیصد وقت کی پابندی کو یقینی بنایا گیا‘ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے تین سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ سارے ہسپتالوں اور سکولوں کو ٹینڈر کرنے جارہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ چار نئی ٹرینیں پائپ لائن میں ہیں‘ فریٹ ٹرینوں کی تعداد آٹھ سے بیس تک کی جائے گی‘ 20 مسافر ٹرینیں شروع کی گئی تھیں جن کی آکوپینسی کی شرح 150 فیصد ہے‘12 فروری کو تھل ایکسپریس کا افتتاح کیاجارہا ہے جو تین سے چار گھنٹے کم وقت لے گی‘ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ ان لوگوں کو بھی سہولیات مہیا کی جائیں جہاں پر روڈ نیٹ ورک کی مشکلات ہیں‘ انہوں نے کہا کہ دو سے تین ماہ میں عوام کو سفر کی بہترین معیاری سہولیات فراہم کرینگے‘30 مارچ کو وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس لاہور سے کراچی کے درمیان چلے گی، اس کے بعد ایک اور وی وی آئی پی ٹرین سرسید ایکسپریس رہ جائے گی جس کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ تمام ڈی ایس ریلویز کو اختیار دیدیا گیا ہے کہ وہ اپنی حدود میں صفائی کے معاملات کو یقینی بنائیں اس لئے ڈی ایس ریلویز کو براہ راست فنڈز دیئے جارہے ہیں ، مز یدان کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے متعلقہ حدود میں سٹیشنوں پر سکیورٹی کے بھی بہترین انتظامات کئے جائیں۔