وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو

سیالکوٹ05جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل کے معاملے پر اپوزیشن نے قومی اور سیاسی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، امیدہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بل کو مکمل یکجہتی اوراتحاد کے ساتھ منظور کرائیں گی۔اتوار کو سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات …

سیالکوٹ05جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل کے معاملے پر اپوزیشن نے قومی اور سیاسی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، امیدہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بل کو مکمل یکجہتی اوراتحاد کے ساتھ منظور کرائیں گی۔اتوار کو سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی کے وسیع مفاد میں قومی اداروںپر سیاست کرنے سے گریز کرنی چاہیے، تمام ادارے قومی ادارے ہیں اور یہ ادارے کسی پارٹی کے نہیں بلکہ پاکستان کے ادارے ہیں۔ انہوں نے مزید کہ کسی کو بھی اس خطے کے امن کو خراب نہیں کرنا چاہیے، اگر امن خراب ہوتا ہے تو پھر افغان امن عمل بھی بری طرح متاثر ہو گا، پاکستان نے بڑی قربانیاں دے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان قوم کا فخر ہیں، پاکستان کا دفاع بہت مضبوط ہاتھوں میںہے اور پوری پاکستانی قوم دہشت گردی ، شورش اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر وطن کے دفاع کرنے کے لئے تیار ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان اپنا بنیادی کردار جاری رکھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے حالیہ فضائی کارروائی کے بعد حکومت مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال میں پہلے پاکستان کے مفاد کا تحفظ کیا جائے گا۔ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی (آج) پیر کو پارلیمنٹ میں مشرق وسطی کے معاملے پر پاکستان کی ترجیحات اور پالیسی کے بارے میں بریفنگ دیں گے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 154 دنوں سے مسلسل سخت کرفیو میں زندگی گزار رہے ہیں، کشمیری حق رائے دہی اور حق خود ارادیت سے متعلق قراردادوں پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور مکمل یکجہتی کا اظہارکرتی ہے، کشمیری عوام کی ہندوستان سے آزادی کے لئے نسل در نسل جدوجہد جلد نتیجہ خیز ہوگی اورکشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کے بنیادی، انسانی، مذہبی اور آزادی کے تمام حقوق کو بری طرح سے کچل دیا ہے، کشمیری اس مشکل وقت میں تنہا نہیںہیں، پاکستان کے22کروڑعوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان مظلوم کشمیریوں کے حق رائے دہی کے حق کے لئے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ قائداعظم نے تصور کیا تھا، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن اور رواداری کا گہوارہ بنتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رنگ، ذات یا مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیازی سلوک نہیں ہے اور تمام اقلیتوں کو پاکستان سے پیار ہے کیونکہ ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے، تمام اقلیتیں اپنے مذہب پر عمل کرنے کے لئے آزاد ہیں، پاکستان کا آئین ان کے حقوق کی ضمانت ہے اور اسلام تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ سیکولرازم کے نام پر بنایا گیا ہندوستان مذہبی تعصب اور نفرت کے شعلوں میں جل رہا ہے اور تمام اقلیتیں احتجاج کر رہی ہیں۔

مزید خبریں