وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اورایم ڈی پاکستان بیت المال وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے ملاقات

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس پبی نے وزیر اعلی خیبر پختونخوامحمود خان سے پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق ’پناہ گاہ‘ کے معیار میں بہتری کے ساتھ ساتھ مستحقین کی خدمت کے لیے ملک بھر میں یکساں اور مربوط پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانا تھا۔ وزیر …

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس پبی نے وزیر اعلی خیبر پختونخوامحمود خان سے پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق ’پناہ گاہ‘ کے معیار میں بہتری کے ساتھ ساتھ مستحقین کی خدمت کے لیے ملک بھر میں یکساں اور مربوط پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانا تھا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پاکستان بیت المال پناہ گاہ کے منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم مراکز کی تجدیدِ نو اور تزین و آرائش کے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر چکا ہے جہاں مستحق و مجبور افراد کو دو وقت کا کھانا اور رات کا قیام، با عزت انداز میں ایک صاف ستھرے اور محفوظ ماحول میں فراہم کیا جارہا ہے۔ ملاقات کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کی سوچ کے مطابق پناہ گاہ میں فراہم کردہ خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام صوبوں کے بڑے شہروں میں نئی پناہ گاہیں بنانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے اس موقع پر ملک بھر کے لیے پناہ گاہوں کی یکساں اور موثر پالیسی کے حوالے سے بھی روشنی ڈالی۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے غریب اور مجبور افراد کی زندگیوں پر مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور ان کی مشکلات کے ازالے میں کافی حد تک مدد ملی ہے۔ادارے کی غریب دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلی کے پی کے نے پناہ گاہ کو مزید موثر اور معیاری بنانے کے لیے پاکستان بیت المال کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔