اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ قومی اور عوامی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کا حکومت کے ساتھ تعاون ضروری ہے، اپوزیشن کے ساتھ متفقہ طور پر الیکشن کمیشن اور نیب قانون میں ترامیم کے معاملات حل کرنے کیلئے پر امید ہیں۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیر اعظم نے کہا …
وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ قومی اور عوامی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کا حکومت کے ساتھ تعاون ضروری ہے، اپوزیشن کے ساتھ متفقہ طور پر الیکشن کمیشن اور نیب قانون میں ترامیم کے معاملات حل کرنے کیلئے پر امید ہیں۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بدعنوان عناصر کا احتساب کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے اسلئے احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ چلانا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیر اعظم عمران خان بھی چاہتے ہیں کہ ایوان خوش اسلوبی کے ساتھ چلے تاکہ حکومت اور اپوزیشن مل کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے کام کر سکیں۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت ملک میں شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے، چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن مضبوط ہو تاکہ کوئی بھی انتخابات پر سوال نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے حوالے سے ابھی بہت سی اصلاحات زیر التوا ہیں جن کو پاس کرانے کیلئے حکومت کو اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے، امید ہے کہ اپوزیشن مستقبل میں بھی قومی مفادات کے معاملات پر اتفاق رائے جاری رکھے گی۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے پارلیمان کو چلانے کیلئے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی(پی اے سی) کے چیئرمین کیلئے لچک دکھائی، پہلے شہباز شریف چیئرمین بنے، ان کے مستعفی ہونے کے بعد ن لیگ کے ہی رانا تنویر چیئرمین بنے تو حکومت نے کوئی اعتراض نہیں کیا، اسی طرح اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ حکومت کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی میں بھی کئی ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈنگ کر رہی ہے۔








