وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پولیس لائنز پشاور کا دورہ، جدید سکیورٹی آلات پولیس کے حوالے

پشاور۔ 06 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا پولیس کے افسران و جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں اور جدید سکیورٹی آلات باضابطہ طور پر حوالے کیے۔ فراہم کیے گئے سازوسامان …

پشاور۔ 06 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا پولیس کے افسران و جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں اور جدید سکیورٹی آلات باضابطہ طور پر حوالے کیے۔ فراہم کیے گئے سازوسامان میں بلٹ پروف اور نان بلٹ پروف گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، ایس ایم جیز، بلٹ پروف جیکٹس، بلٹ پروف ہیلمٹس اور سنائپر رائفلز شامل ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں کھڑی ہے اور قربانیوں سے کبھی دریغ نہیں کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنی پولیس کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے اور تمام ضروریات ہنگامی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو 7.7 ارب روپے دیے گئے جبکہ اسپیشل برانچ کے لیے 7.2 ارب روپے کا خصوصی پیکج منظور کیا گیا۔ اسی طرح ضم اضلاع میں سکیورٹی انفراسٹرکچر اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 6.5 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، نئی بھرتیاں کی جائیں گی اور جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ سیف سٹیز منصوبے کے لیے 3.8 ارب روپے کی اضافی گرانٹ منظور کی گئی ہے جسے پشاور کے ساتھ ساتھ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور ضم اضلاع تک توسیع دی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، بہت جلد صوبے کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔