لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے اتوار کے روز جرمنی کی سفیر انا لیپل نے یہاں ملاقات کی ۔وزیراعلی نے جرمن سفیر انا لیپل کا خیر مقدم کیا اور حالیہ سیلاب کے بعد جرمنی کی بروقت یکجہتی ، جدید زرعی ٹیکنالوجی،گرین ٹیکنالوجی وجنگلات کی افزائش میں تعاون کو سراہا،انہوں نے ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے اور جرمنی کے ڈوئل ووکیشنل ٹریننگ ماڈل پر مزید تعاون کو خوش …
وزیر اعلی مریم نواز سے جرمن سفیر کی ملاقات،حالیہ سیلاب پر جرمنی کی بروقت یکجہتی وجنگلات کی افزائش میں تعاون کو سراہا

مزید خبریں
لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے اتوار کے روز جرمنی کی سفیر انا لیپل نے یہاں ملاقات کی ۔وزیراعلی نے جرمن سفیر انا لیپل کا خیر مقدم کیا اور حالیہ سیلاب کے بعد جرمنی کی بروقت یکجہتی ، جدید زرعی ٹیکنالوجی،گرین ٹیکنالوجی وجنگلات کی افزائش میں تعاون کو سراہا،انہوں نے ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے اور جرمنی کے ڈوئل ووکیشنل ٹریننگ ماڈل پر مزید تعاون کو خوش آ ئند قرار دیا۔دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ جرمنی ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے،ویمن ایمپاورمنٹ،سماجی تحفظ اور انسانی ترقی میں پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے،پاکستان اور جرمنی کے مابین نومبر میں ہونے والے جی ٹو جی مذاکرات شراکت داری کو مزید تقویت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا ویژن ایک خوشحال اور جدید پنجاب ہے جہاں ہر شہری بااختیار ہو،اس خواب کی تکمیل میں جرمنی اہم ساتھی بن سکتا ہے،2024 میں پاکستان اور جرمنی کی دو طرفہ تجارت 3.63 بلین امریکی ڈالر رہی جبکہ پاکستان کا تجارتی توازن مثبت رہا،40 جرمن کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کام کر اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں ماحولیاتی تحفظ میری اولین ترجیح ہے،حالیہ تباہ کن سیلاب اور سرحد پار سموگ ہمارے لیے بڑا چیلنج ہیں،ملاقات میں فروغ تعلیم،جرمنی میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور نصاب میں جدت پر بھی گفتگو کی گئی،وزیراعلی نے لاہور میں اینا میری شمل ہائوس کی خدمات کو سراہا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں جرمنی کا تعاون قابل ستائش ہے،حال میں جرمن جونیئر ہاکی ٹیم نے لاہور کا دورہ کیا،ہم مزید سپورٹس ایکسچینج اور کوچنگ مواقع کے منتظر ہیں،پنجاب جرمنی کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ واساکادائر کار4 اضلاع سے بڑھا کر 23اضلاع تک بڑھا رہے ہیں،واسا اور صفائی کیلئے ستھرا پنجاب جیسے ادارے پنجاب کے ہر علاقے میں آنے سے عوام کی زندگی میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین دریائوں میں بیک وقت اونچے درجے کا سیلاب اور تین ماہ سے جاری بارشوں کی وجہ سے پنجاب میں سب سے بڑا سیلاب آیا،حکومت پنجاب کے بروقت انخلا اور ریسکیو ریلیف آپریشن سے لاکھوں جانوں کو بچانا ممکن ہوا،انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کی بھی جانیں بچائی گئیں،2.2 ملین مویشیوں کو سیلاب زدہ علاقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،سیلاب کے دوران جس تندہی سے کام کیا گیا یہ حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہرفرد کو یقین تھا کہ حکومت ہمارے ساتھ ہے اور ساتھ نبھائے گی،سیلاب متاثرین کو رہائش، کھانا، خشک راشن، ہسپتال، ویٹرنری ڈسپنسری اور چارہ بھی مہیا کیا گیا،فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویل اور فلڈ ریلیف کیمپوں میں ہیلتھ کائونٹرز کی وجہ سے متعدد بیماریوں سے بچائو ممکن ہوا۔ دریں اثناء جرمن سفیر نے واسا ایکسپو کا وزٹ کیا اور ایکسپو کو قابل تحسین قرار دیا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ پنجاب کے مختلف دیہی علاقوں میں بہت زیادہ سیلاب آیا لیکن حکومت نے بہت اچھا کام کیا۔








