وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ایران کے شہر مشہد کا دورہ، حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ پر حاضری دی

بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان سمیت پوری قوم کو یومِ بلوچ ثقافت کی مبارکباد

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایران کے دو روزہ سرکاری دورہ کے موقع پر بدھ کو مشہد کا دورہ کیا اور حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ پر حاضری دی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشہد کے ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال صوبہ خراسان رضوی کے گورنر جنرل یعقوب علی نظری نے کیا۔ وزیر خارجہ نے مزار پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب پر دستخط کیے اور آستانہ قدس رضوی کے متولی اور معتمد حجت اللہ والمسلمین احمد ماروی سے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے پرامن بقائے باہمی، تمام مذاہب کے احترام اور انسانیت کے لیے رحمت پر مبنی اسلامی تعلیمات کی حقیقی روح کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایران کا دورہ کرنے والے پاکستانی زائرین کے لیے انتظامات پر حجت اللہ احمد ماروی کا شکریہ ادا کیا اور ایران میں ان کے داخلے اور قیام کی سہولت کے لیے باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔