وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں قومی کانگریس پر مبارکباد

بلاول بھٹو زرداری
تاجر برادری کو سہولیات فراہم کئے بغیر ملک کی ترقی ناممکن ہے،تجارت کے فروغ کے بغیر معاشی استحکام کا سفر طے نہیں کیا جاسکتا،بلاول بھٹو

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےچین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں قومی کانگریس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی نے اپنی پوری تاریخ میں عالمی امن اور چین کی ترقی او خوشحالی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پنگ کی سربراہی میں عوامی جمہوریہ چین ترقی کے تیز ترین سفر پر گامزن ہے۔

اتوار کو اپنے تہنیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مائو زے تنگ جیسے ہیرو لیڈر کی زیر سایہ بننے والی چینی کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں قومی کانگریس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب عالمی سیاسی، معاشی اور اقتصادی صورتحال بدل رہی ہے، مجھے اعتماد ہے کہ شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چینی کمیونسٹ پارٹی عالمی سیاست اور امن میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ا ور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان تعلقات کی ایک تاریخ ہے ، میرے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور میری والدہ شہید بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے دونوں جماعتوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان کے عوام ہر موسم میں آزمودہ اور آہنی برادر چین کو کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں قومی کانگریس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے یہ توقع رکھتی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ قریبی تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے اور دونوں ملکوں کے عوام کیلئے یہ تعلقات مزید سود مند ثابت ہوں گے۔

وزیر خارجہ نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں قومی کانگریس پر مبارکباد دیتے ہوئے چینی عوام کیلئے خوشحالی اور امن کے تسلسل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔