وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سیّد کی ملاقات

APP107-18 ISLAMABAD: December 18 - Chairman, EU Kashmir Council Ali Raza Syed called on Foreign Minister Makhdoom Shah Mahmood Qureshi. APP

اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سیّد نے ملاقات کی۔ منگل کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کے دوران مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی قابض افواج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور بین الاقوامی برادری تک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی درست عکاسی کرنے میں تارکین وطن بالخصوص یورپ میں مقیم کشمیری کیمونٹی کا کردار نہایت اہم ہے، کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جن کی بات کو دنیا بھر کے اندر بہتر انداز میں سمجھا اور سنا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو اپنی اس آواز کو مزید مو¿ثر بناتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے فورمز کے سامنے اٹھانا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ وادی کو عملاً عقوبت خانہ بنا رکھا ہے، روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کا قتل عام، پیلٹ گنز کے ذریعے معصوم بچوں سے بینائی چھیننے کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی رپورٹ آنے کے بعد ہندوستان کا اصل چہرہ کھل کر دنیا بھر کے سامنے آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل یورپی یونین نے دنیا بھر میں بالخصوص یورپ کے سامنے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ جس بھرپور انداز میںاجاگر کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ یورپی یونین کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سیّد نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور عالمی اداروں کی کشمیر میں جاری مظالم کی طرف توجہ مبذول کرانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔