وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایران، امریکہ کشیدگی کے حوالہ سے اہم ویڈیو بیان

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امن کی خواہش کو آگے بڑھانے اور معاملات کو سلجھانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کروں گا، خطہ کو جنگ سے بچانے اور قیام امن کیلئے جو کردار ادا کر سکتے ہیں، ادا کریں گے۔ ایران، امریکہ کشیدگی کے حوالہ سے بدھ کو …

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امن کی خواہش کو آگے بڑھانے اور معاملات کو سلجھانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کروں گا، خطہ کو جنگ سے بچانے اور قیام امن کیلئے جو کردار ادا کر سکتے ہیں، ادا کریں گے۔ ایران، امریکہ کشیدگی کے حوالہ سے بدھ کو وزیر خارجہ نے اہم ویڈیو بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ عرصہ دراز سے کشیدگی کا شکار ہے، 3 جنوری کے واقعات اور پھر 8 جنوری کو علی الصبح سامنے آنے والے ردعمل نے کشیدگی میں اضافہ کیا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ یہ کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطہ کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خطہ مزید کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان کی کوشش رہی ہے اور کوشش ہے کہ ہم معاملات کو سلجھائیں، اس ساری صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کے فروغ کا فیصلہ کیا اور میری خطہ کے مختلف وزراءخارجہ سے گفت و شنید ہوئی، ان سب کی یہی رائے ہے کہ ہم مل جل کر خطہ کے امن و استحکام کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے خصوصی ہدایت کی ہے کہ امن کی ہماری خواہش کو آگے بڑھانے کےلئے اور معاملات کو سلجھانے کیلئے میں ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کروں ، میں اس کا ارادہ رکھتا ہوں اور ہم نے روابط شروع کر دیئے ہیں تاکہ خطہ کو جنگ سے بچانے اور قیام امن کیلئے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ کیا جائے۔