اسلام آباد ۔05 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ”نیا سٹرٹیجک انگیجمنٹ منصوبہ“ دوطرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ …
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفراءکے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔05 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ”نیا سٹرٹیجک انگیجمنٹ منصوبہ“ دوطرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفراءکے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ظہرانہ کی میز پر وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے سفراءکے ساتھ دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون کے فروغ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور اور پاکستان اور یورپی یونین کے مابین طے پانے والے سٹرٹیجک انگیجمنٹ منصوبہ کے خدوخال کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ”نیا سٹرٹیجک انگیجمنٹ منصوبہ“ دوطرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کے حوالہ سے کہا کہ ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ باشندوں کو مسلسل کرفیو کے ذریعے محصور بنا رکھا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے باسیوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کےلئے یورپی یونین سمیت عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے سفراءکو افغان امن عمل کے حوالہ سے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کیا۔ یورپی یونین کے سفراءنے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اقتصادی ترقی کےلئے ”معاشی سفارتکاری“ کا آغاز کیا ہے جس کے نتیجہ میں آج معاشی کارکردگی جانچنے والے بین الاقوامی ادارے پاکستان کی اقتصادی اور معاشی بہتری کی نوید سنا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یورپی یونین سے بھرپور توقع ہے کہ مثبت اقتصادی اشاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کا ”جی ایس پی پلس“ درجہ برقرار رکھا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے سفراءسے پاکستان میں امن و امان کی تسلی بخش صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی ”سفری ایڈوائزری“ کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا تاکہ یورپ سے زیادہ سے زیادہ سیاح اور کاروباری حضرات پاکستان آ سکیں اور دوطرفہ تجارت اور سیاحت کو فروغ مل سکے۔








