وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے ملاقات،دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ تعلقات”افغان امن عمل اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

دوحہ۔ 18 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی استبداد سے نجات حاصل کرنے کیلئے اقوام عالم بالخصوص مسلم امہ کیطرف دیکھ رہے ہیں،افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ، مصالحانہ کوششوں کو …

دوحہ۔ 18 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی استبداد سے نجات حاصل کرنے کیلئے اقوام عالم بالخصوص مسلم امہ کیطرف دیکھ رہے ہیں،افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ، مصالحانہ کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ہفتہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوحہ میں قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے ملاقات کی۔جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، "افغان امن عمل ” اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر کے ساتھ پاکستان کے تاریخی،برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان،قطر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعاون کو بڑھانے کا متمنی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے قطری ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے 80 لاکھ معصوم کشمیری گزشتہ پانچ ماہ سے مسلسل لاک ڈاؤن ،قید و بند کی صعوبتوں سمیت طرح طرح کے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی استبداد سے نجات حاصل کرنے کیلئے اقوام عالم بالخصوص مسلم امہ کیطرف دیکھ رہے ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی پر قابو پانے کیلئے سفارتی کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں محاذ آرائی کسی فریق کے لئے سود مند نہیں ہوگی،ضرورت اس امر کی ہے کہ معاملات کو سفارتی کوششیں بروئے کار لاتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے سلجھانے کی کوشش کی جائے۔وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ، مصالحانہ کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔افغان طالبان اور امریکہ کے مابین مذاکرات کی بحالی سے چالیس سالہ طویل محاذ آرائی کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کی راہ ہموار ہونے کے روشن امکانات بن رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے قطری ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کو خطے میں کئے گئے اپنے حالیہ دوروں اور مختلف وزرائے خارجہ سے ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خطے میں تناؤ اور کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق رائے کا پایا جانا خوش آئند بات ہے۔وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فریقین کو محاذ آرائی سے بچنے اور سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا تاکہ خطے کا امن خطرات سے دو چار نہ ہو۔قطری ڈپٹی وزیر اعظم و وزیرخارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ قطر کو سراہتے ہوئے "افغان امن عمل” سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کی تعریف کی۔