دبئی۔ 10 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی حکومتی سربراہان کے اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دنیا کے سامنے اپنا وژن رکھا جسے بہت سراہا گیا ہے، لبنان کے وزیر اعظم سعد الدین رفیق الحریری سے بہت اچھی نشست رہی، وزراعظم نے سعد حریری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جو دو این آر او ملے اس …
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے خصوصی گفتگو

مزید خبریں
دبئی۔ 10 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی حکومتی سربراہان کے اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دنیا کے سامنے اپنا وژن رکھا جسے بہت سراہا گیا ہے، لبنان کے وزیر اعظم سعد الدین رفیق الحریری سے بہت اچھی نشست رہی، وزراعظم نے سعد حریری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جو دو این آر او ملے اس کا ہمیں کوئی اچھا تجربہ نہیں ہوا، اب کوئی نیا این آر او نہیں ہو گا، وزیراعظم عمران خان کی دبئی میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کریسٹین لاگارڈ سے ملاقات بھی بہت با مقصد اور مفید رہی،آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، عنقریب اس کی تکنیکی تفصیلات بھی طے ہو جائیں گی،کم آمدن والے طبقات کے سماجی ومعاشی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مل کر ایک پروگرام مرتب کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یہاں دبئی میں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی دبئی میں ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور انکی ٹیم کی دبئی میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کریسٹین لاگارڈ سے بہت اچھی اور مفید ملاقات رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عنقریب مل کر ایک پروگرام مرتب کریں گے جس میں کم آمدن والے طبقات کے سماجی ومعاشی تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے عنقریب اس کی تکنیکی تفصیلات بھی طے ہوتی ہوئی منظر عام پر آ جائیں گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے لبنانی وزیر اعظم سعد الدین رفیق الحریری سے بہت اچھی ملاقات ہوئی ہیاور ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے انہیں دورہ ء پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حکومتی سربراہان کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے اپنا وژن رکھا کہ سیاست میں آنے کیلئے کس چیز سے انہیں ترغیب ملی اور سیاست میں آنے کی بنیادی وجہ کیا تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تحریک انصاف کی حکومت کا جو وژن سربراہ اجلاس میںپیش کیا اسے عالمی رہنمائوں نے خوب سراہا ہے۔








