وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وفود کی سطح پر مذاکرات، ترک ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو اور مشترکہ پریس کانفرنس

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی)پاکستان اور ترکی نے تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے سمیت آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعہ کو یہاں دفتر خارجہ میں دونوں ملکوں کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پایا گیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی …

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی)پاکستان اور ترکی نے تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے سمیت آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعہ کو یہاں دفتر خارجہ میں دونوں ملکوں کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پایا گیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی وفد جبکہ ان کے ترک ہم منصب میولٹ شاوس اوولو نے ترک وفد کی قیادت کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خیر مقدمی ریمارکس میں پاکستان اور ترکی کو بھائی، دوست اور پارٹنرز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی اعتماد کی بنیاد پر مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت کے جدا نہ ہونے والے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں وزراءخارجہ نے ون آن ون ملاقات بھی کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اعلی سطح پر وفود کے مسلسل تبادلے اور اعلی سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے تحت متعدد ادارہ جاتی فریم ورکس کی موجودگی مختلف سطح پر قریبی دو طرفہ تعلقات کا واضح ثبوت ہیں۔پاکستان اور ترکی اہم نوعیت کے تمام معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ترکی کے وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا اور انہیں نئے فرائض منصبی سنبھالنے پر مبارکباد دی۔