وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر کی یو این ڈی پی کے کنسلٹنٹ کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے یو این ڈی پی کے کنسلٹنٹ سر مائیکل باربر کے ہمراہ منگل کوفنانس ڈویژن میں ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی موجودتھے ۔ وزیر خزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر اور یو این ڈی پی کے کنسلٹنٹ سر مائیکل باربر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ان کو بتایا گیا کہ پاکستان اپنی بیرونی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کر رہا ہے اور حال ہی میں پاکستان نے 1 بلین ڈالر کے بانڈز کی ادائیگی کی ہے۔ وزیر خزانہ نے سیلاب کے بعد جاری تعمیر نو اور بحالی کے پروگرام کے بارے میں بھی بتایااور کہاکہ مجموعی طور پر تعمیر نو اور بحالی کا مرحلہ 5-7 مالی سال تک جاری رہے گا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے پاس اپنی قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے محصولات اور اخراجات کے حوالے سے ایک جامع اوردانشمندانہ پروگرام ہے۔

وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کی جانب سے معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اورپالیسیوں کے بارے میں بھی آ گاہ کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام کو یقینی بنانا ہے جس سے معاشی بحالی اور ترقی ہو گی۔ ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہائی کمشنر نے موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کے لئے برطانوی حکومت کی جانب سے سیلاب کے بعد کے سماجی و اقتصادی اثرات کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔وزیر خزانہ نے تعاون اورمعاونت پر برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔