وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ کے اعزاز میں وزیراعظم کی جانب سے الوداعی ظہرانہ

Ishaq Dar
Ishaq Dar

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کویہاں عوامی جمہوریہ چین کے سبکدوش ہونے والے سفیرنونگ رونگ کے اعزاز میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے الوداعی ظہرانہ دیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر تجارت سید نوید قمر، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق فاطمی ، ظفر الدین محمود، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر نے الوداعی ظہرانہ کی تقریب میں شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے چین کے سفیر کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے،دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی ۔ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانے برادرانہ تعلقات کے فروغ اور اسے مضبوط بنانے میں چینی سفیر کے کردار کو سراہا۔ چینی سفیر نے ان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں پاکستانی قیادت کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد اور حمایت کو سراہا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے نونگ رونگ اور ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔