وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے چیک ری پبلک کے سفیر ٹامس سمیتانکا کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے چیک ری پبلک کے سفیر ٹامس سمیتانکا نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا شمار دنیا کے محفوظ ترین دارالحکومتوں میں ہوتا ہے۔ باہمی تعاون اور امن و امان سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک پرامن قوم ہے اور ہم دنیا بھر کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔ حکومتی سطح پر کاوشوں کی بات کرتے ہوئے اعجاز احمد شاہ نے چیک سفیر کو بتایا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے اس حکومت نے بہت کام کیا ہے اور اس سلسلے میں مزید سہولیات اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ویزہ پالیسی میں بہتری لائی گئی ہے اور آن لائن درخواستوں کی وصولی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ حالات کی بہتری والی بات سے متفق ہوتے ہوئے چیک سفیر کا کہنا تھا کہ واقعی سیکورٹی معاملات اب قدرے بہتر نظر آرہے ہیں، میراپاکستان میں گزشتہ 6 ماہ کاعرصہ بہت خوشگوار گزرا ہے۔ چیک سفیر کا مزید کہنا تھا کہ باہمی امور میں تعاون بہتر بنانے کے لئے دوطرفہ لائحہ عمل چاہتے ہیں۔ملاقات کے دوران چیک سفیر کی جانب سے پاکستان میں موجود چیک قیدی تک قونصلیٹ رسائی کی درخواست کی جس کے جواب میں وزیر داخلہ نے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ترتیب کردہ لائحہ عمل کے تحت تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چیک سفیر نے وزیر داخلہ کے تعاون اور وقت دینے کا شکریہ ادا کیا۔