کراچی ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بحر ہند عالمی و سیاسی حوالے سے ایک مرکز بن کر اُبھرا ہے کیونکہ دنیا کے دفاعی مفادات کا رجحان اس خطے کی جانب ہے، بڑھتی ہوئی سمندری تجارت اوربحری راستوں پر بڑھتے ہوئے انحصار نے اقوام عالم کے لیے بحر ہند کی اہمیت میں اضافہ کردیا …
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا ساتویں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
کراچی ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بحر ہند عالمی و سیاسی حوالے سے ایک مرکز بن کر اُبھرا ہے کیونکہ دنیا کے دفاعی مفادات کا رجحان اس خطے کی جانب ہے، بڑھتی ہوئی سمندری تجارت اوربحری راستوں پر بڑھتے ہوئے انحصار نے اقوام عالم کے لیے بحر ہند کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے پیر کو ساتویں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس کی اختتامی تقریب سے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کثیر القومی بحری مشق امن 17ءکے سلسلے میں منعقد کی جانے والی بین الاقوامی تین روزہ میری ٹائم کانفرنس میری ٹائم سیکیورٹی ، اقتصادیات اور بحری ماحول پر طویل غور وخوض اور تبادلہ خیال کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔ پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی کانفرنس میں شرکت کی بدولت غور و فکر اور تبادلہ خیا ل کا ایک سنہری موقع میسر آیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خواجہ محمد آصف نے کہاکہ بحر ہند عالمی و سیاسی حوالے سے ایک مرکز بن کر اُبھرا ہے کیونکہ دنیا کے دفاعی مفادات کا رجحان اس خطے کی جانب ہے۔ بڑھتی ہوئی سمندری تجارت اوربحری راستوں پر بڑھتے ہوئے انحصار نے اقوام عالم کے لیے بحر ہند کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک او ر گوادر پورٹ کے فعال ہونے سے شمالی بحیرہ عرب میں بحری سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں بلا تعطل سمندری تجارت کے لئے پاک بحریہ کی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی ذمہ داریوں میں مزیداضافہ ہوگا۔








