وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا مراکش کا سرکاری دورہ، دفاعی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے منگل کو مراکش کا سرکاری دورہ کیا۔ دورہ کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق …

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے منگل کو مراکش کا سرکاری دورہ کیا۔ دورہ کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزارت دفاع کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالہ سے وفود کی سطح پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستانی وفد قیادت کی۔

انہوں نے مراکش کے ہم منصب کے ساتھ ملاقات بھی کی اور ملاقات کے اختتام پر تحائف کا تبادلہ کیا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مراکش کے وزیر دفاع کو پاکستان کا تیار کردہ فٹ بال بھی پیش کیا۔ملاقات سے قبل وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے محمد پنجم کے مزار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار کے مہمانوں کی کتاب پر اپنے دستخط بھی کئے۔

دورہ نے فریقین کو امن، استحکام اور تعاون کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنے سمیت دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔یہ دورہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دفاع، سلامتی اور مشترکہ مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی باہمی خواہش کو بھی اجاگر کرتا ہے۔