وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے سی ٹی آئی اسٹیڈیم سیالکوٹ میں نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ 2026ء کا باقاعدہ افتتاح کر دیا
وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب نے نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ 2026ء کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 09 جولائی (اے پی پی):وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے سی ٹی آئی اسٹیڈیم سیالکوٹ میں نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ 2026ء کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر کی ٹاپ 10 باسکٹ بال ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ ایونٹ کا فائنل 12 جولائی کو کھیلا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں ایس ڈی پی او/چیف ہیڈ قیصر امین بٹ، سٹی صدر مسلم لیگ (ن) رفیق مغل، چودھری سید، شیخ ناصر، عدنان اکبر، رزاق گجر، ہارون گل، وسیم گل، عامر شاد، نواز ہدایت، ملک ثمرون عنایت، عاشر جمال، عاشر امجد، عمران بی لائل، آفاز انور سمیت باسکٹ بال کے سابق قومی و مقامی کھلاڑی، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، صوبے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ہمیشہ کھیلوں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرزمین رہا ہے۔ نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ جیسے مقابلے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں جبکہ صحت مند معاشرے کے قیام، نظم و ضبط، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیر نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چیمپئن شپ میں شریک تمام ٹیمیں بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گی اور شائقین کو معیاری مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی، جبکہ افتتاحی میچ دلچسپ اور سنسنی خیز ماحول میں کھیلا گیا۔








