وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اورقازقستان کے سفیر کی ملاقات، تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اورقازقستان کے سفیر کی ملاقات، تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین سے قازقستان کے سفارت خانے میں ملاقات کی، جس میں تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، تکنیکی تربیتی پروگراموں اور طلبہ کے لیے سکالرشپ کے مواقع بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔

وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔قازقستان کے سفیر مسٹر یرژان کستافن نے تعلیم، ہنر مندی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سکالرشپ پروگراموں، تکنیکی تربیت اور تعلیمی تبادلوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور علمی و پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (پی ای ای ایف) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدہ حاجرہ سہیل، سیکرٹری پی ای ای ایف مراد شعیب اور وزیر مملکت کے پرنسپل سٹاف آفیسر سید بلال احمد بھی موجود تھے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلیم، فنی تربیت اور ہنر مند افرادی قوت کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام بالخصوص نوجوان نسل اس سے مستفید ہو سکے۔