وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر کی جمہوریہ قازقستان کے وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم سیاسات نوربیک سے ملاقات

وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے جمہوریہ قازقستان کے وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم سیاسات نوربیک سے ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیم، سائنس، تحقیق، اختراع اور ہنر کی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

آستانہ۔22جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے جمہوریہ قازقستان کے وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم سیاسات نوربیک سے ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیم، سائنس، تحقیق، اختراع اور ہنر کی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ملک میں تعلیمی معیار بہتر بنانے، تعلیم تک رسائی بڑھانے، اختراع کے فروغ اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ’’تعلیمی ہنگامی حالت‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قومی اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری نہایت اہم ہے۔

دونوں وزراء نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں، مشترکہ اور دوہری ڈگری پروگراموں، تحقیقی منصوبوں، جامعات کے مابین روابط اور ادارہ جاتی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ وجیہہ قمر نے قازقستان کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، عالمی شہرت یافتہ جامعات کو راغب کرنے، جامعات کو خودمختاری دینے، تحقیق اور اختراع کے فروغ، ڈیجیٹل تبدیلی اور تعلیمی پروگراموں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تجربات پاکستان کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تعلیمی سفارت کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور تعلیم، تحقیق اور اختراع کے ذریعے عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔

انہوں نے پاکستانی طلبہ اور محققین کے لیے قازقستان میں اعلیٰ اور بعد از گریجویٹ تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اعلیٰ تعلیم، سائنس، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں، جامعات کے درمیان شراکت داری، تعلیمی تبادلوں اور سائنسی تعاون کو عملی شکل دے کر پاکستان اور قازقستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

مزید خبریں