وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون کی صحافیوں سے ملاقات، ڈیجیٹل میڈیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ذمہ دارانہ میڈیا طرز عمل، مستند معلومات اور تعمیری ڈیجیٹل بیانیے کی اہمیت پر زور دیاہے۔

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ذمہ دارانہ میڈیا طرز عمل، مستند معلومات اور تعمیری ڈیجیٹل بیانیے کی اہمیت پر زور دیاہے۔

جمعرات کو انہوں اپنے دفتر میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کا احاطہ کرنے والے صحافیوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈیجیٹل میڈیا کے بدلتے منظرنامے، ابھرتے ہوئے رجحانات، جعلی خبروں، غلط معلومات اور گمراہ کن معلومات سمیت شعبے کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فہد ہارون نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ذمہ دارانہ میڈیا طرزِ عمل، مستند معلومات اور تعمیری ڈیجیٹل بیانیے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو معاشی ترقی، جدت اور روزگار کے لیے ایک اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے عالمی فری لانس معیشت میں پاکستان کی نمایاں پوزیشن کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان دنیا کے سرفہرست فری لانس ممالک میں شامل ہے۔شرکا نے ڈیجیٹل صحافت کے مستقبل اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجیز کے تناظر میں میڈیا کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔