گمس ہسپتال گمبٹ میں تیزرفتار ٹراما رسپانس ورکشاپ کا انعقاد

گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) گمبٹ میں روڈ ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیز رفتار ٹراما رسپانس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

سکھر۔ 10 ستمبر (اے پی پی):گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) گمبٹ میں روڈ ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیز رفتار ٹراما رسپانس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات میں بروقت، مربوط اور مؤثر علاج کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔ جس کا عنوان ’’جب وقت کم ہو، تو تیاری ہی کامیابی ہے‘‘ رکھا گیا تھا۔ورکشاپ میں ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر رسپانس، ماہرین کی زیر نگرانی عملی تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی پروٹوکول، ٹیم ورک اور مریض کی جان کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تربیت دی گئی۔ تقریب کے مہمان خاص ڈائریکٹر گمس کیپٹن ریٹائرڈ ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی تھے، جب کہ نامور نیورو سرجن ڈاکٹر رابیل باسط نے خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستقبل کے ڈاکٹرز، ٹیکنالوجسٹ اور پیرا میڈیکس کی بہترین تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمارا زیادہ تر فوکس دیہی سندھ سے تعلق رکھنے والے طلباء پر ہے جو یہاں سے لیبارٹری ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گمس کا شمار آج ملک کے بہترین ہسپتالوں میں ہوتا ہے اور یہاں غریب اور مستحق مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔

کورس ڈائریکٹر و روبوٹک نیورو اسپائن سرجری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر پیر اسد عزیز نے کہا کہ ایمرجنسی میں ٹراما کے جو مریض آتے ہیں ان سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز کا رسپانس کیسا ہونا چاہیے، اس حوالے سے یہ ٹریننگ دی گئی ۔ نیورو سرجن ڈاکٹر رابیل باسط نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی گمس ہسپتال میں بین الاقوامی ہسپتالوں کی طرز پر ورکشاپ میں مختلف اسٹیشنز بنائے گئے جو میڈیکل کے طلباء، ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوئے۔ اس قسم کے ورکشاپ نہ صرف تعلیمی اعتبار سے اہم ہوتے ہیں بلکہ یہ ایک بڑا نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم بھی ہیں ۔ ورکشاپ میں کنسلٹنٹس ڈاکٹر حامد لغاری، ڈاکٹر اسامہ، ڈاکٹر جنید حسین، ڈاکٹر محسن ممتاز اور ڈاکٹر ساہتو خان رند نے شرکاء کو ٹریننگ دی۔ورکشاپ میں چیسٹ ٹیوب انٹیوبیشن، ڈیفارمیٹی کریکشن، ڈیفیکلٹ ایئر وے ٹریکیوسٹومی، ڈینٹل وائرنگ، ایئر وے اور ہیلمٹ اسپائن اسٹیبلائزیشن کے اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے ۔ورکشاپ میں 40 میڈیکل طلباء سمیت ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ہیلتھ پروفیشنلز نے شرکت کی۔ آخر میں ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے فیکلٹی ممبران اور شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

 

مزید خبریں