وفاقی آئینی عدالت میں ارشد شریف کے قتل کیس کی سماعت 17 دسمبر کو ہوگی

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی سماعت بدھ 17 دسمبر کو ہوگی۔ کیس کی سماعت وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا۔گزشتہ سماعت کے دوران وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات سے متعلق تازہ پیش رفت رپورٹ 17 دسمبر تک طلب کی تھی جبکہ فریقین کے وکلا سے …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی سماعت بدھ 17 دسمبر کو ہوگی۔ کیس کی سماعت وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا۔گزشتہ سماعت کے دوران وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات سے متعلق تازہ پیش رفت رپورٹ 17 دسمبر تک طلب کی تھی جبکہ فریقین کے وکلا سے سوموٹو کارروائی کے دائرہ اختیار پر بھی معاونت طلب کی گئی تھی۔

عدالت نے ہدایت کی تھی کہ پیش کی جانے والی رپورٹ میں اب تک ہونے والی قانونی پیش رفت کے ساتھ آئندہ تحقیقات سے متعلق تجاویز بھی شامل کی جائیں۔سماعت کے دوران عدالت نے تین سال گزرنے کے باوجود تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک انتہائی اہم نوعیت کا کیس ہے اور شفاف تحقیقات کا عمل جلد از جلد مکمل ہونا چاہیے۔

عدالت نے ارشد شریف کے اہلخانہ کے دکھ کا اظہار بھی کیا تھا۔عدالت کو بتایا گیا تھا کہ کینیا سے قانونی معاونت کے معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور جے آئی ٹی کی جانب سے کرائم سین کے جائزے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی تھی۔