وفاقی آئینی عدالت نے کراچی کی کاغان ویلی سوسائٹی کے انتخابات کے خلاف دائر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی
وفاقی آئینی عدالت نے کاغان ویلی سوسائٹی انتخابات کیس میں دائر درخواست خارج کر دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت نے کراچی کی کاغان ویلی سوسائٹی کے انتخابات کے خلاف دائر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔ وفاقی آئینی عدالت میں کاغان ویلی کراچی سوسائٹی کے انتخابات کے خلاف درخواست پرسماعت جمعرات کو جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل ذوالفقار ملوکا نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات سے قبل سوسائٹی کے 180 مبینہ بوگس ووٹوں کو ووٹرز لسٹ سے خارج نہیں کیا گیا، جس سے انتخابی عمل متاثر ہوا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ یہ ایک فیکچوئل تنازعہ ہے، کیا ایسا معاملہ آئینی عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے؟جسٹس حسن اظہر رضوی نے میڈیا رپورٹس پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر یہ تاثر دیا گیا کہ عدالت نے 60 سیکنڈ میں فیصلہ کر دیا، حالانکہ ہر کیس کی فائل کو گھنٹوں پڑھ کر عدالت میں سماعت کی جاتی ہے۔بعد ازاں عدالت نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔








